شیر افضل مروت کو شو کاز کے بعدپارٹی سے نکالا گیا ،پارٹی کے اندر ٹائوٹس چھوڑ ئے گئے ہیں
اسلام آباد (آئی این پی )پی ٹی آئی کے سینئررہنما رئوف حسن نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کو پہلا شو کاز نوٹس نہیں تھا جس کے اختتام پرانھیں پارٹی سے نکالا گیا،اس سے پہلے بھی بہت سارے شوکاز نوٹسز انھیں جاری کیے گئے تھے، مختلف ہتھکنڈوں کے استعمال کے باوجود ہماری پارٹی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے،پارٹی کے اندر ٹائوٹس چھوڑ ئے گئے ہیں، جو لوگ عمران خان کے وفادار ہیں وہ اس قسم کی حرکتیں نہیں کرتے، اب مرحلہ آ گیا ہے کہ پارٹی میں ڈسپلن قائم کیاجائے،پارٹی اتنی بڑی ہے کہ دو چار ٹائوٹ پارٹی کو کچھ نہیں کرسکتے یہ لگے رہیں۔ایک انٹرویو میں رئوف حسن نے کہا کہ مختلف اوقات میں کوشش کی جاتی رہی ہے کہ یہ سدھر جائیں اورپارٹی کے اندرکے اختلافات کو پبلک فورم پر جا کر ڈسکس کرنا چھوڑ دیں اور پارٹی کے عہدیدران اور اراکین کے حوالے سے جو زبان استعمال کرتے ہیں وہ نہ کریں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایک سال سے یہ کوشش ہوتی رہی کہ یہ کام ختم ہو جائے اور معاملات ٹھیک ہو جائیں لیکن جب معاملات ٹھیک نہیں ہوئے اور اس سے اور زیادہ ترشی اور تیزی آئی اور انھیں ایک اور شوکاز جاری کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، شوکاز نوٹس ایشو ہونے کے بعد بھی وہ سب یہ کام کرتے رہے جو بہت دیر سے کررہے ہیں۔