یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے رمضان پیکج کے تجربات اچھے نہیں رہے‘صرف غیر منافع بخش سٹورز بند کر رہے ہیں، مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا:و فاقی وزیر صنعت
سرکاری ملازمین ہمارا اثاثہ ہیں ‘سیکریٹریٹ جانے والا راستہ بند نہیں کرنا چاہئے‘حکومت تنخواہوں اور پنشن کے بوجھ کو کم کررہی ہے ‘ رقم کو معیشت کی بہتری کیلئے استعمال کرینگے:وفاقی وزیر قانون
اسلام آباد (آئی این پی‘آن لائن )وفاقی وزیر برائے صنعت و پیدوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے یوٹیلیٹی سٹورز کو بند نہیں کیا جا رہا، نجی شعبے کے تعاون سے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بہتر کیا جائے گا۔ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے رمضان پیکج کے تجربات اچھے نہیں رہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے غریب کو معیاری اشیا نہیں مل پا رہی تھیں۔ صرف غیر منافع بخش سٹورز بند کر رہے ہیں، مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔دریں اثناء ایوان بالا کو وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بتایا سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔پرامن احتجاج سب کا حق ہے ‘ سرکاری ملازمین ہمارا اثاثہ ہیں سیکریٹریٹ جانے والا راستہ بند نہیں کرنا چاہئے احتجاج کو رولز اور ریگولیشن کے مطابق ہونا چاہیے انہوں نے کہاکہ کسی قسم کی بلیک میلنگ نہیں ہونی چاہئے انہوں نے کہا حکومت تنخواہوں اور پینشن کے بوجھ کو کم سے کم کررہی ہے اس رقم کو ملکی معیشت کی بہتری کے لیے استعمال کریں گے