قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے: آصف علی زرداری
انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے:شہبازشریف
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 21 فروری کو کرک میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے‘وزیراعظم شہباز شریف نے خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہے انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ۔صدر آصف علی زرداری نے کہا پاکستان کی بہادر افواج دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھیں گے ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔