بنوں میں چیک پوسٹ پر حملہ‘12جوان وطن پر قربان‘6دہشت گرد مارے گئے

  چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش  میں ناکامی پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، خود کش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا
 شہداء  میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار اور  فرنٹیئر کانسٹیبلری کے2 اہلکار شامل ہیں‘صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی طرف سے واقعہ کی شدید مذمت، شہیدوں کو خراج عقیدت ‘نماز جنازہ ادا

 بنوں‘اسلام آباد(آئی این پی )بنوں میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں مقابلے کے دوران 12 اہلکار شہید ہو گئے  جبکہ  فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج  واصل جہنم ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر  )کے مطابق بنوں کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر خوارج کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک کر دئیے گئے جبکہ خوارج کے خود کش حملے میں 12 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار اور دو فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی، داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔خوارج کے خود کش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، خود کش دھماکے سے ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے 12 شہادتیں ہوئیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس  کرتے ہوئے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ  پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کیلئے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے‘ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی  شدید الفاظ میں م جء اور12  جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ وطن کے امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان  قوم کے ہیرو ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بنوں میں فتنہ الخوارج کے حملے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ بنوں گیریژن میں ادا کر دی گئی۔  نماز جنازہ میں کمانڈر پشاور کور سمیت اعلی عسکری حکام، سول انتظامیہ اور فوجی جوانوں نے شرکت کی۔