ساہیوال کی زیر تعمیر سڑکوں کی گردو غبارسے شہری بیمار

روزانہ پانی کا چھڑکاؤ اور سڑکیں جلد تعمیر کروائی جائیں، شہریوں کا مطالبہ
ساہیوال (خصوصی رپورٹ )ساہیوال بھر کی زیر تعمیر سڑکوں سے اڑنے والی گردو غبارسے شہری کھانسی، بخار، اور سانس کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ روزانہ پانی کا چھڑکاؤ اور سڑکیں جلد تعمیر کروائی جائیں۔شہریوں کاکہناہے کہ ریلوے روڈ ،یادگار روڈ، پریس کلب روڈ ،فریدیہ پارک سے ملحقہ روڈ ،گرلزکالج روڈ ودیگرعلاقوں میں زیرتعمیر سڑکوں سے اڑنے والی گردوغبار دوکانداروں کے منہ اورآنکھوں میں بھی پڑرہی ہے جس وہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔شہری آمدورفت کے دوران مشکلات کا شکار ہیں اور ہروقت زیرتعمیر سڑکوں والے علاقوں میں گردوغبار کے بادل چھائے رہتے ہیں اور متعلقہ ٹھیکیدار پتھراوپر سیمنٹ والا خاکہ ڈال کر غائب ہو چکے ہیں اور پانی کا چھڑکاؤ نہ کرنے سے گردو غبار سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔انہوں نے کمشنر ساہیوال سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ سڑکوں پر تعمیر کاکام جلد مکمل اور روزانہ کی بنیاد پر پانی کاچھڑکاؤ کروایاجائے تاکہ شہریوں کی مشکلات ختم ہوسکیں۔