سدھو موسے والا کے 2 سالہ چھوٹے بھائی کی ویڈیو وائرل، بڑے بھائی کے مشہور انداز کی نقل

سدھو موسے والا کے 2 سالہ چھوٹے بھائی کی ویڈیو وائرل، بڑے بھائی کے مشہور انداز کی نقل

آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے 2 سالہ چھوٹے بھائی شبھ دیپ سنگھ سدھو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ اپنے بڑے بھائی کے مشہور انداز کی نقل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ منظر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے اسکوٹیا بینک ایرینا میں سدھو موسے والا کے ہولوگرام ورلڈ ٹور ’سائنڈ ٹو گاڈ‘ کی افتتاحی تقریب کے دوران سامنے آیا، جہاں ان کے چھوٹے بھائی نے اپنے بڑے بھائی کا مخصوص انداز اپنایا۔ویڈیو میں شبھ دیپ سنگھ سدھو اپنی ران پر ہاتھ مار کر سدھو موسے والا کے مشہور انداز ’تھاپی‘ کی نقل کرتے نظر آئے۔ اس موقع پر ان کے والد بلکور سنگھ اور والدہ چرن کور بھی اسٹیج پر موجود تھے۔تقریب کے دوران سدھو موسے والا کی اسٹیج پر موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ہولوگرام ٹیکنالوجی، تھری ڈی عکس بندی، خصوصی بصری اثرات اور گلوکار کی اصل آواز کا استعمال کیا گیا۔اس موقع پر سدھو موسے والا کے مشہور گانے ’295‘ کی نئی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس میں گلوکار کی اپنے خاندان کے ساتھ ماضی کی ویڈیوز شامل ہیں۔

 یہ گانا 2021ء میں ریلیز ہوا تھا۔واضح رہے کہ سدھو موسے والا کا اصل نام شبھ دیپ سنگھ سدھو تھا۔ وہ 29 مئی 2022ء کو بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ سدھو موسے والا 11 جون 1993ء کو گاؤں موسا میں پیدا ہوئے اور پنجابی موسیقی میں اپنے منفرد انداز کے باعث عالمی شہرت حاصل کی۔گلوکار کی وفات کے بعد 17 مارچ 2024ء کو ان کے والدین کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام بڑے بھائی کے نام پر شبھ دیپ سنگھ سدھو رکھا گیا۔