ویب ڈیسک: پاراچنار میں شاہراہ 74 ویں روز بھی ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق پاک افغان خرلاچی بارڈر بھی بند ہے، جس کے نتیجے میں پاراچنار شہر میں اشیائے خور و نوش، ادویات، تیل، لکڑی اور ایل پی جی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر پاراچنار کے تمام تعلیمی ادارے احتجاجاً بند کر دیے گئے ہیں، تاکہ حکومت و متعلقہ اداروں کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔ راستوں کی بندش کے سبب کاروبارِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور عوامی زندگی میں مشکلات بڑھ رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر پاراچنار کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لیے عمائدین کے درمیان جرگے اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، لیکن ابھی تک اس مسئلے کا کوئی حل نہیں نکل سکا۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ جلد از جلد شاہراہوں اور بارڈر کو کھولا جائے تاکہ زندگی معمول پر آ سکے اور تجارتی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔