لیونل میسی نے بھارت کے حالیہ دورے سے کتنی آمدنی حاصل کی؟

لیونل میسی نے بھارت کے حالیہ دورے سے کتنی آمدنی حاصل کی؟

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے حالیہ دورۂ بھارت سے حاصل ہونے والی آمدنی اور اس کے دوران پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔

 ٹور کے منتظم ستادرو دتہ کے مطابق، ارجنٹائن کے اس اسٹار فٹبالر کو بھارت کے تین روزہ دورے کے عوض 89 کروڑ بھارتی روپے (₹890 ملین) کی ادائیگی کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے پر مجموعی طور پر 100 کروڑ بھارتی روپے (₹1,000 ملین) کے اخراجات ہوئے، جن میں سے 11 کروڑ روپے بھارتی حکومت کو ٹیکس کی مد میں ادا کیے گئے۔ اخراجات کا تقریباً 30 فیصد اسپانسرشپ سے، اور 30 فیصد ٹکٹوں کی فروخت سے پورا کیا گیا۔اس دورے کے دوران میسی نے کولکتہ، حیدرآباد، ممبئی، نئی دہلی اور گجرات کے جام نگر میں مختلف فین ایونٹس میں شرکت کی۔ ان کے ساتھ دوسرے فٹبالرز لوئس سواریز اور روڈریگو ڈی پال بھی موجود تھے۔

تاہم، کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہونے والا ایونٹ بدانتظامی کا شکار ہو گیا۔ ہجوم کے سبب میسی شائقین کو واضح طور پر دیکھنے کا موقع نہیں ملا، اور بعد میں مشتعل ہجوم نے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس واقعے کے بعد حکومتِ مغربی بنگال نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔منتظمین کے مطابق، سیکیورٹی کے خدشات کے باعث میسی کو عوامی ہجوم میں جسمانی قربت ناپسند تھی، مگر انہیں گھیر لیا گیا، جس کے باعث وہ ایونٹ ادھورا چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد مغربی بنگال کے وزیرِ کھیل اروپ بسواس نے تنقید کی اور عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مالی معاملات، سیکیورٹی غفلت اور بدانتظامی کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔