ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی آئندہ دو ورلڈ کپ کوالیفائر میچز کے لیے اپنی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق میسی کو مسل انجری کے باعث 25 رکنی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ فٹبال کلب کے مطابق 37 سالہ میسی کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا تاکہ انجری کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکے، جو انہیں اٹلانٹا یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں محسوس ہوئی تھی۔ بعد ازاں تصدیق ہوئی کہ میسی کو معمولی نوعیت کی انجری ہوئی ہے۔اس سیزن میں متعدد انجریز کا شکار ہونے والے میسی مارچ میں بھی تین میچز سے محروم رہے اور حال ہی میں جمعرات کو واپسی کی تھی، تاہم اتوار کو ایک اور انجری نے انہیں دوبارہ باہر کر دیا۔ارجنٹینا، جو کہ جنوبی امریکا کے 10 رکنی کوالیفائنگ گروپ میں سرِفہرست ہے، جمعے کو یوراگوئے اور پھر 4 دن بعد برازیل کے خلاف میچ کھیلے گا۔ اس چیلنج میں مزید سختی آ سکتی ہے کیونکہ میسی کے علاوہ جیوانی لو سیلسو، پاؤلو ڈیبالا اور گونزالو مونٹیئل بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔