عمران خان کو دوسری جیل منتقل نہیں کیا جا رہا، رانا ثنا اللہ

پی ٹی آ ئی رہنما صرف ملاقاتوں تک محدود رہیں تو کوئی اعتراض یا شکایت نہیں ، حکومت قانون کے مطابق تمام معاملات دیکھ رہی ہے
آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے حکومت اس وقت سبسڈی نہیں دے سکتی،  جلد وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کریں گے،میڈیا سے گفتگو
چنیوٹ ( آئی این پی )وزیر اعظم کے مشیربرائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کسی دوسری جیل منتقل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔چنیوٹ میں سید حسن مرتضی کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آ ئی کے رہنما صرف ملاقاتوں تک محدود رہیں تو حکومت کو کوئی اعتراض یا شکایت نہیں ہے، حکومت قانون کے مطابق تمام معاملات دیکھ رہی ہے اور کسی غیر ضروری اقدام کا ارادہ نہیں۔سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان ماضی میں دوسروں کو چور ڈاکو کہتے رہے، لیکن آج خود ان پر سنگین الزامات سامنے آ چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی گھڑیوں کے تحائف دوسرے ممالک سے برآمد ہوئے، جو کئی سوالات کو جنم دیتے ہیں۔انہوں نے 2018 کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت آر ٹی ایس بٹھا کر ایک نیا سیاسی پراجیکٹ لایا گیا، جس کے اثرات آج بھی ملک بھگت رہا ہے، 2017 تک ملک میں ڈالر، پٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نارمل تھیں، تاہم پی ٹی آئی کے دور میں معاشی صورتحال بگڑتی چلی گئی۔معاشی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو پی ٹی آئی کی پالیسیوں کے باعث آئی ایم ایف پروگرام میں جانا پڑا۔ آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے حکومت اس وقت سبسڈی نہیں دے سکتی، تاہم پروگرام مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔