عمران خان کے بیٹے صرف ملاقات کے لئے پاکستان آئے تو حکومت پروٹوکول کے ساتھ مہمان بنا کر ملاقات کروائے گی
اسلام آباد (آئی این پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے صورتحال خراب ہوگی تو حکومت غور کر سکتی ہے کہ عمران خان کو اڈیا لہ سے کہیں اور منتقل کر دیا جائے، عمران خان کے بیٹے پاکستان آئے تو حکومت کو ان سے پہلے طے کرنا ہوگا، اگر صرف ملاقات کیلئے آئیں گے تو حکومت پروٹوکول کے ساتھ مہمان بنا کر ملاقات کروائے گی۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے والد سے دو یا تین بار ملاقات کریں اور پھر واپس چلے جائیں، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی قانون کے تحت صرف ملاقات کریں گی تو اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان میں سکیورٹی سب سے اہم ایشو ہوگا، خدانخواستہ وہ یہاں آ کر کسی ریلی میں جائیں اور نقصان ہو تو یہ ملکی بدنامی کا باعث بنے گا، اگر یہ ریلی جلوس میں جانا چاہتے ہیں تو حکومت کو اجازت نہیں دینی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کیلئے جائیں تو ان کو قانون کے مطابق اس کی اجازت دی جائے گی، جیل اتھارٹیز واضح اور حکومت کی بھی تائید ہے کہ جیل رولز اور ہائیکورٹ آرڈر پر ملاقات ہو۔