عمران ہو یا ہلاکو خان ہمیںکوئی خوف نہیں‘چھوٹا موٹا کاکروچ نکلا تو مسل دیں گے رانا ثنا ء اللہ

ہم جس مٹی سے بنے ہیں اس میں خوف نہیں‘بنگلہ دیش اور نیپال ایک قوم اور ایک ملک ہیں، پاکستان ایک فیڈریشن ہے یہاں کوئی کاکروچ نہیں، ملک میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ سب منجانب اللہ ہے‘وہی ہر چیز کا نظام چلا رہا ہے
 محسن نقوی کو وفاقی وزیر داخلہ بنانے کی سفارش صدر مملکت آصف علی زرداری نے کی تھی، میرٹ اور سسٹم پر عمل درآمد کیا جاتا تو محسن نقوی  اہم  عہدوں پر نہ پہنچ پاتے:مشیر سیاسی امور کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم کے مشیر  برائے سیاسی  اموررانا ثنا اللہ نے کہا ہے  عمران خان ہو یا ہلاکو خان ہمیں کوئی خوف نہیں، خوف والی مٹی سے ہم بنے ہی نہیں، بنگلہ دیش اور نیپال ایک قوم اور ایک ملک ہیں، پاکستان ایک فیڈریشن ہے یہاں کوئی کاکروچ نہیں‘کوئی چھوٹا موٹا کاکروچ نکلا تو مسل دیں دیں گے۔ ایک  پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے  راناثنا اللہ سے پوچھا گیا کہ  آپ جو کچھ آج کر رہے ہیں، کل کو وہ آپ کو خود بھی بھگتنا پڑے گا، رانا ثنا اللہ نے جواب میں  کہا کہ ہم نہ تو اس وقت کسی کو کچھ بھگتا رہے ہیں اور نہ ہی مستقبل میں ہم خود کچھ بھگتیں گے، ملک میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ سب منجانب اللہ ہے اور وہی ہر چیز کا نظام چلا رہا ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے  لیگی  رہنما نے کہا کہ عمران خان ہوں یا ہلاکو خان ہمیں کسی کا کوئی خوف اور ڈر نہیں ہے کیونکہ جس مٹی سے ہم بنے ہیں، اس میں خوف کا کوئی عنصر شامل ہی نہیں ہے۔   آگے والے لوگ بھی اللہ پر ہی کامل بھروسہ رکھنے والے لوگ ہیں۔رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا کہ محسن نقوی کو وفاقی وزیر داخلہ بنانے کی سفارش صدر مملکت آصف علی زرداری نے کی تھی، اس وقت آصف علی زرداری صدر مملکت کے عہدے پر فائز تھے اور حکومت ان کے ساتھ اپنے سیاسی تعلقات خوشگوار اور بہتر رکھنا چاہتی تھی، اسی سیاسی ضرورت اور تعلقات کو قائم رکھنے کی خاطر محسن نقوی کو وزیر داخلہ مقرر کر دیا گیا، اگر ملک میں مکمل طور پر میریٹ اور سسٹم پر عمل درآمد کیا جاتا تو محسن نقوی بیک وقت سینیٹر، چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ جیسے اہم ترین عہدوں پر ہرگز نہ پہنچ پاتے۔