پاکستان اور ماریشس کے درمیان ثقافتی تعلقات اور باہمی احترام پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں ، پنجاب سیاحت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے
پنجاب بھرپور اور متنوع سیاحتی مرکز ہے، اندرون لاہور، شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شالیمار گارڈنز، نور محل اور دیگرمذہبی سیاحتی مقامات بھی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای منسو کرمباکس نے ملاقات کی ہے جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ماریشس کے سفیر منسو کرمباکس کا پرتپاک خیرمقدم کیا، دوران ملاقات بزنس ٹو بزنس روابط، تجارتی وفود اور نمائشوں کے انعقاد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔مریم نواز شریف نے ماریشس کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور تعلقات تعلیم، سیاحت، زراعت، اور عوامی تبادلوں کے شعبوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، ماریشس سفیر کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔دونوں رہنمائو ں نے حلال فوڈ، ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، وزیراعلی مریم نواز شریف نے بلیو اکانومی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر ہرممکن تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماریشس کے لئے چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات مزید بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، انہوں نے پیداواری کاشت میں ماریشس کی قائم کردہ ٹیکنالوجی اور چینی کی صنعت میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب بھرپور اور متنوع سیاحتی مرکز ہے، اندرون لاہور، شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شالیمار گارڈنز، نور محل اور دیگرمذہبی سیاحتی مقامات بھی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں، پنجاب نے تباہ کن سیلاب کے چیلنج کا پامردی سے سامنا کیا ہے۔وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب سیاحت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، گنے کی پیداوار اور ویلیو ایڈیشن میں ماریشس کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر منسوکر مباکس نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ سے پاکستان کا حقیقی مثبت تشخص دنیا کے سامنے لائیں گے۔