پاکستان ‘ چین میں 300 ملین ڈالر کے معاہدے ترقیاتی ایجنڈے کیلئے چین کی مسلسل حمایت پر شکر گزار ہیں:آصف زرداری
پاکستان اور چین کے درمیان سیمنٹ، قابل تجدید توانائی اور کوئلے کی گیس فکیشن سمیت اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے‘ چین کی جانب سے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا
مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ،افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے:چین‘علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کیلئے سی پیک منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے:آصف زرداری
بیجنگ (آئی این پی‘آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان اور چین کے درمیان سیمیٹ کی پیداوار میں اضافے، قابل تجدید توانائی اور کوئلے کی گیسی فکیشن سمیت300ملین ڈالر کے اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔پاکستان اور چین کے درمیان سیمنٹ کی پیداوار میں 5000 ٹن یومیہ اضافے، پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے مختلف منصوبوں پر تعاون، کوئلے کی گیسی فکیشن اور یوریا کی کے پیداواری پلانٹ کے منصوبوں پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب بیجنگ میں ہوئی۔منصوبے پر مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں صدر آصف علی زرداری، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، شرجیل میمن اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی شریک ہوئے۔اس سے پہلے صدر مملکت آصف زرداری کی چین کے وزیر اعظم لی کیانگ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر گفتگو بھی کی۔دریں اثنا پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں چین کی جانب سے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کو اپ گریڈ کر کے جدید ترقیاتی راہداری بنایا جائے گا، پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ پاکستان اور چین نے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس کے علاوہ پاکستان اور چین نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید مستحکم کرنے اور خلا میں تعاون مزید بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا۔چین کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے جبکہ مشترکہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کے خلاف موثر کارروائی ہونی چاہیے۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین نے فلسطین کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا جبکہ صدر آصف علی زرداری نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنما ئوں نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔گریٹ ہال آف دی پیپلز میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنمائوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا ، آصف زرداری نے اس موقع پر کہا ترقیاتی ایجنڈے کیلئے چین کی مسلسل حمایت پر شکر گزار ہیں، علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کیلئے سی پیک منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔