شام کی تعمیر نو کے حامی، کسی نئے اسلامی ڈھانچے کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے: یورپی ممالک

جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کا شام کا دورہ ،ڈی فیکٹو سربراہ احمد الشرع سے ملاقات،انتخابات کی ضرورت پرزور 
 دمشق (آئی این پی )فرانس اور جرمنی نے شام میں پرامن اقتدار کی منتقلی اور حکومت میں تمام طبقات بالخصوص خواتین کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا ے کہ شام کی تعمیر نو کے حامی ہیں لیکن کسی نئے اسلامی ڈھانچے کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں بشار الاسد کے 24 سالہ آمرانہ دورِ حکومت کا خاتمہ کرکے ملک میں عبوری حکومت قائم کرنے والے احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی سے دمشق میں عالمی رہنماوں کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ مشرق وسطی میں قیام امن اور شام میں بدلتی صورت حال پر فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ دمشق پہنچے ہیں اور احمد الشرع سے ملاقات کی۔دونوں رہنماوں نے احمد الشرع پر ملک میں اقتدار کی پرامن اور جامع منتقلی کے لیے انتخابات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت میں تمام طبقات، اقلیتوں اور بالخصوص خواتین کی نمائندگی کا مطالبہ کیا۔جرمنی کی وزیرخارجہ اینالینا بیئربوک نے احمد الشرع کو آگاہ کیا کہ یورپ کسی بھی نئے اسلامی ڈھانچے کو معاونت فراہم نہیں کرے گا اور ایسا کرنا نہ صرف ہمارے بل کہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔