کراچی میں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے جامعہ دارالعلوم کورنگی کا دورہ کیا اور صدر وفاق المدارس مفتی تقی عثمانی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں شخصیات نے دینی، تعلیمی اور معاشرتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے جامعہ دارالعلوم کورنگی میں نماز ظہر ادا کی اور ادارے کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دارالعلوم کی دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ میٹرک، او لیول، اور اے لیول کی تعلیم فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔مفتی تقی عثمانی نے بتایا کہ دارالعلوم کورنگی میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبوں میں بھی کام جاری ہے اور ملک بھر میں وفاق المدارس کے تحت امتحانات ایک ہی وقت اور دن منعقد ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ، گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس میں ہونے والی سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں مفتی تقی عثمانی کو بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ ملاقات کے دوران سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد، اس کے اغراض و مقاصد اور پیغامِ سیرت کو عام کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔