سینئر پاکستانی اداکارہ اسما عباس کے شوہر، ریٹائرڈ کرنل غلام عباس، اپنی پہلی اہلیہ کا ذکر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔
حال ہی میں وصی شاہ کے پروگرام میں شریک ہونے والے اس جوڑے نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات چیت کی۔غلام عباس نے اعتراف کیا کہ انہیں اب بھی اس بات کا پچھتاوا ہے کہ انہوں نے اسما عباس سے دوسری شادی کے بارے میں اپنی پہلی اہلیہ کو ابتدا میں نہیں بتایا، بلکہ حقائق چھپائے اور جھوٹ بولا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے مشکل تھا، مگر انہیں اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پہلے اپنی اہلیہ کو سچ بتانا چاہیے تھا اور معاملہ چھپانے کے بجائے واضح انداز میں بات کرنی چاہیے تھی۔اسما عباس نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کے شوہر اپنی پہلی اہلیہ کی زندگی میں ان کے سامنے اپنے اس پچھتاوے کا اظہار نہیں کر سکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی اہلیہ کے آخری لمحات یاد کرتے ہوئے غلام عباس جذباتی ہو گئے اور بتایا کہ جب وہ شدید تکلیف میں تھیں، تو انہوں نے ان کے پاؤں چھو کر اپنے احساسات اور پچھتاوے کا اظہار کرنے کی کوشش کی، مگر الفاظ میں یہ بات بیان کرنا مشکل ہو گیا۔غلام عباس کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی دل کی بات زندگی میں ہی اپنے پیاروں سے کہہ دینی چاہیے کیونکہ صرف جذبات کا احساس کرنا کافی نہیں، بلکہ انہیں الفاظ میں بیان کرنا بھی ضروری ہے۔