سینئر پاکستانی اداکارہ اسما عباس نے بھارتی اداکارہ و ڈانسر شیفالی زری والا کی اچانک موت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے خواتین کو بڑھتی عمر قبول کرنے اور اینٹی ایجنگ انجیکشنز جیسے خطرناک طریقوں سے دور رہنے کا مشورہ دے دیا۔
اپنی ویڈیو پیغام میں اسما عباس نے کہا کہ خبروں کے مطابق شیفالی کی موت دل کا دورہ پڑنے اور اینٹی ایجنگ انجیکشنز کے سبب ہوئی، جو کہ محض 42 برس کی عمر میں دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ آخر خواتین عمر کو قدرتی طور پر کیوں نہیں قبول کرتیں؟ اور خوبصورتی کے غیر فطری طریقوں سے خود کو خطرے میں کیوں ڈالتی ہیں؟ اسما نے واضح کیا کہ اینٹی ایجنگ انجیکشنز دل کو کمزور کر سکتے ہیں، اور یہ معمولی بات نہیں۔
اسما عباس نے شیفالی کے اہل خانہ خصوصاً ان کی والدہ اور شوہر کے غم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان پر جو گزر رہی ہے وہ ناقابلِ بیان ہے۔یاد رہے کہ شیفالی زری والا، جنہوں نے ماضی کے سپر ہٹ گانے "کانٹا لگا" سے شہرت حاصل کی، دو روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی اچانک موت نے اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹس کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔