بھارتی اداکارہ و ماڈل شیفالی جری والا کے شوہر اور معروف اداکار پیراگ تیاگی نے شادی کی 11ویں سالگرہ کے موقع پر ایسا جذباتی پیغام شیئر کیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
پیغام میں انہوں نے اپنی مرحومہ اہلیہ کی یادوں اور محبت کو دل چھو لینے والے الفاظ میں بیان کیا۔انڈین میڈیا کے مطابق پیراگ تیاگی اب تک شیفالی جری والا کی اچانک موت کے صدمے سے باہر نہیں آ سکے۔ انہوں نے اپنی شادی کی سالگرہ پر ایک ویڈیو اور پیغام پوسٹ کیا، جس میں اہلیہ سے پہلی ملاقات اور شادی کے دن کو یاد کرتے ہوئے کہا:"میری محبت! جب میں نے آپ کو 15 سال پہلے پہلی بار دیکھا، تو مجھے یقین ہو گیا تھا کہ آپ ہی میری زندگی کی واحد ساتھی ہیں۔ 11 سال پہلے، آپ نے اسی دن مجھ سے شادی کی جس دن ہم پہلی بار ملے تھے۔"
انہوں نے مزید لکھا کہ شیفالی نے انہیں بے حد محبت دی، زندگی کو خوبصورت اور رنگین بنایا اور خوش رہنے کا طریقہ سکھایا۔ "اب میری زندگی ان شاندار یادوں کو سنبھالنے اور جینے میں گزرتی ہے۔"شیفالی جری والا، جو گانے "کانٹا لگا" سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچی تھیں، حال ہی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں۔ ان کے اچانک بچھڑ جانے نے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کو بھی غمزدہ کر دیا تھا۔