مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت کے باوجود اوپن مارکیٹ میں مہنگی فروخت جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو سرکاری نرخ سے زائد قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
سرکاری ریٹ کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 504 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 520 سے 525 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، یعنی سرکاری قیمت سے 20 سے 25 روپے زیادہ۔صرف مرغی کا گوشت ہی نہیں، بلکہ مٹن اور بیف بھی سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر بیچے جا رہے ہیں۔ مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح، بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے ہے، مگر یہ 1200 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 238 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں انڈے 245 سے 250 روپے فی درجن تک دستیاب ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے سبب مرغی کا گوشت اور انڈے غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔