عدالتوں اور بخشی خانے کی سکیورٹی چیک، اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید نے بینکنگ کورٹ اور اینٹی نارکوٹکس کورٹ کا دورہ کیا اور عدالتوں سمیت بخشی خانے کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی ایس پی جوڈیشل شہزاد اصغر ورک اور ریزرو انسپکٹر جوڈیشل سید حماد شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید نے عدالتوں کے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس اور دیگر سکیورٹی آلات کو چیک کیا اور انہیں مکمل طور پر فنکشنل رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ ایس پی محمد خالد سعید نے بخشی خانے میں قیدیوں کے حفاظتی انتظامات اور سکیورٹی کیمروں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو عدالتوں کی سکیورٹی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید کا کہنا تھا کہ عدالتوں کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری اور مستعدی سے سرانجام دیں۔