خواتین کو بلیک میل کرنیوالے 4 ملزم گرفتار

 لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں این این سی سی آئی اے کی کارروائیاں، موبائل فونز، ڈیجٹیل شواہد قبضے میں لے لئے 
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈائریکٹر NCCIA پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر پنجاب بھر میں خواتین کو سائبر ہراساں، بلیک میل اور قابلِ اعتراض تصاویر کے ذریعے دھمکانے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں مختلف کارروائیوں کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ موبائل فونز، واٹس ایپ اکائونٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لیے گئے۔لاہورNCCIA لاہور نے قیصر نامی ملزم کو ایک خاتون کو بلیک میل اور ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ تفتیش کے مطابق ملزم خاتون پر شادی کے لیے دبائو ڈالتا تھا اور دھمکی دیتا تھا کہ اگر اس نے اس سے شادی نہ کی تو وہ اس کی تصاویر دیگر افراد کو بھیج دے گا۔ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔گوجرانوالہNCCIA گوجرانوالہ نے محمد مزمل اور علی اصغر کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے مطابق محمد مزمل نے ایک خاتون کی قابلِ اعتراض تصاویر حاصل کرکے اسے بلیک میل کیا اور تصاویر خاتون کے نومولود شوہر کو بھیج کر اس کی ازدواجی زندگی متاثر کرنے کی دھمکی دی۔ ملزم نے رقم کا مطالبہ کیا، جس پر تقریباً دو لاکھ روپے علی اصغر کے بینک اکائونٹ میں منتقل کیے گئے۔ کارروائی کے دوران تین موبائل فون، برطانیہ کے نمبر سے منسلک واٹس ایپ اکائونٹ اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بر آمد ہوئے۔ملتانNCCIA ملتان نے محمد تنویر کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے مطابق ملزم نے ایک خاتون کا قابلِ اعتراض مواد حاصل کرکے مختلف واٹس ایپ اکائونٹس کے ذریعے شیئر کیا اور بعد ازاں خاتون اور اس کے خاندان کو ہراساں کیا۔ ملزم سے ایک موبائل فون، سم اور قابلِ اعتراض مواد شیئر کرنے کے لیے استعمال ہونے والا واٹس ایپ اکائونٹ بر آمد کیا گیا۔فیصل آبادNCCIA فیصل آباد نے خیر حیات کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے مطابق ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک خاتون کی قابلِ اعتراض تصاویر اور مواد حذف کرنے کے عوض پانچ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور خاتون کو بلیک میل کیا۔ کارروائی کے دورانملزم سے ایک موبائل فون بر آمد کیا گیا۔ڈائریکٹر NCCIA پنجاب محمد علی وسیم نے کہا ہے کہ خواتین کو آن لائن ہراساں، بلیک میل اور دھمکانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید موثر بنائی جائیں گی۔ NCCIA کی ٹیمیں گرفتار ملزمان سے بر آمد ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات کر رہی ہیں