ہیڈ کانسٹیبل توقیر، کانسٹیبل اسد اور عمران نے شہری کو حراساں کر 35 سو روپے رشوت لی
لاہور (کرائم رپورٹر) شہری کو مبینہ طور پر ہراساں کرکے رقم لینے کے الزام میں تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہری شکیل آفریدی کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹائون کو معاملے کی شفاف اور میرٹ پر انکوائری کے احکامات جاری کیے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق انکوائری کے دوران ہیڈ کانسٹیبل توقیر، کانسٹیبل اسد اور عمران کی جانب سے شہری کو مبینہ طور پر بلاجواز ہراساں کرنے اور 3 ہزار 500 روپے لینے کے الزامات کے حوالے سے اختیارات کے ناجائز استعمال کے شواہد سامنے آئے، جس کی روشنی میں تینوں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان کے خلاف تھانہ نوانکوٹ میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار اہلکاروں کو حوالات میں بند کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ پولیس اہلکار قانون سے بالاتر نہیں، اختیارات کے ناجائز استعمال کی کسی صورت گنجائش نہیں۔ شہریوں کی شکایات پر فوری، شفاف اور میرٹ پر کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب اہلکاروں کا بلاامتیاز احتساب ہوگا اور شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔