کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے جو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے
مظفرآباد(آئی این پی)قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے امریکہ کے بھارت میں تعینات سفیر سریجو گور کی جانب سے سرینگر کے دورے کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھارت کا اہم حصہ قرار دئیے جانے والے بیانات کی شدید مذمت اور اس پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی سفیر کا ایسا بیان نہ صرف کشمیری عوام کی سیاسی اور تاریخی کوششوں اور امنگوں کو نظرانداز کرتا ہے بلکہ جموںوکشمیر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر پر منظور شدہ قراردادوں کے بھی خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی جانب سے متنازعہ علاقے پرانتظامی کنٹرول اس علاقے کے سیاسی و قانونی درجے کا تعین نہیں کرتا اور نہ ہی اسے تبدیل کر سکتا ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اور اقوام متحدہ کی کئی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔