کشمیر ایک دن ضرور آزاد ،پاکستان کا حصہ بنے گا،چو دھری لطیف اکبر

مظفرآباد(آئی این پی ) قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔  یوم آزادی پاکستان کے موقع پراپنے بیان میں  چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی حقِ خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بھارت سے آزادی کیلئے  کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، آج بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔قائم مقام صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل خطے میں استحکام کی ضمانت ہے، انہوں نے کشمیری عوام کی حمایت اور ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پاکستان کی بے لوث حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی فورمز پر بھی مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے، جبکہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے لئے   دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی