ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے پاکستان کے خلاف بھارت کی طرف سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیتے ہوئے عالمی اور ملکی میڈیا کے نمائندوں کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کرایا۔
اس اقدام کا مقصد بھارتی حکومت کے ان الزامات کو جھٹلانا تھا جن میں پاکستان پر دہشتگردی کے کیمپ قائم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔وزارت اطلاعات کے زیراہتمام اس دو روزہ دورے کے دوران صحافیوں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت دہشتگردی کے کیمپ قرار دیتا رہا ہے۔ زمینی حقائق، مقامی آبادی کی گواہیاں اور موقع پر موجود صورتحال کے معائنے کے بعد میڈیا نمائندوں نے خود مشاہدہ کیا کہ یہ مقامات عام شہری آبادی پر مشتمل ہیں اور بھارت کے دعوے سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔اس موقع پر عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو علاقائی و عالمی امن کے لیے پرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بارہا دہشتگردی کے بے بنیاد الزامات لگائے جاتے رہے ہیں، لیکن ہم نے عالمی برادری کے سامنے حقائق رکھ کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول میں کھڑا ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر جھوٹے دعوے کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ وہ اپنی اندرونی ناکامیوں، بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔انہوں نے عالمی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج صحافیوں نے اپنی آنکھوں سے حقیقت دیکھی اور ثابت ہوا کہ پاکستان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور سیاسی مقاصد پر مبنی ہیں۔