42کروڑ کی ادویہ خریداری کا ریکارڈ غائب، قائمہ کمیٹی برہم

لیبر ڈیپارٹمنٹ نے جزوی ،ناکافی ریکارڈ دیا، ملازمین کا تعین کیا جائے، رپورٹ
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی 2 کا اجلاس چیئرمین کمیٹی علی حیدر گیلانی کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں لیبر ڈیپارٹمنٹ میں 42کروڑ20لاکھ روپے کی ادویات کی خریداری کا ریکارڈ غائب ہونے پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔چیئرمین پی اے سی 2 علی حیدر گیلانی نے پہلی تحقیقات پر عدم اعتماد کرتے ہوئے سیکرٹری سوشل سکیورٹی کو دوبارہ تحقیقات کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں پیش آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی کا آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو جزوی ریکارڈ فراہم کر کے جان چھڑانے کی کوشش کی گئی جبکہ فراہم کردہ ریکارڈ ادویات کی خریداری کی شفافیت ثابت کرنے کیلئے ناکافی ہے ،اس لئے ریکارڈ فراہم نہ کرنے والے ملازمین کا تعین کیا جائے۔ علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا ادویات خریداری کا شفاف طریقہ کار مرتب کیا جائیمعمولی ادویات خریداری کی بھی رسید ہوتی ہے۔ 42کروڑ20لاکھ روپے کی ادویات کی خریداری کا ریکارڈ کیسے غائب ہوا، اسکی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔