سکولوں سے سولر پینل چوری کا انکشاف،قائمہ کمیٹی برہم

صرف راجن پور میں 50 سکولوں میں60 لاکھ کا نقصان ہوا، آڈٹ رپورٹ
پورے پنجاب کے سکولوں سے سولر پینلز چوری و ریکوری کی رپورٹ طلب 
لاہور( سپورٹس ڈیسک)سکولوں سے سولر پینل چوری ہونے کے انکشاف پر پبلک اکا ئونٹس کمیٹی 3 نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب میں مالی سال 2022-23 میں سکولوں سے سولر پینلز کی چوری کے واقعات کا نوٹس لے لیا۔پی اے سی 3 نے سکولوں سے سولر پینلز چوری کی تحقیقات پولیس سے کروانے کی ہدایت کر دی۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق صرف ضلع راجن پور میں 50 سکولوں سے سولر پینلز چوری ہوئیجس سے حکومت کو 60 لاکھ سے زائد کا نقصان ہوا۔ پی اے سی 3 کے ممبر تنویر اسلم ملک کا کہنا تھا کہ جن اضلاع میں سکولوں سے پینلز چوری ہوئے وہاں کے ڈی پی اوز کو سخت خط لکھیں گے، جبکہ پی اے سی 3 نے پورے پنجاب کے سکولوں سے اب تک کتنے سولر پینلز چوری ہوئے اور کتنی ریکوری ہوئی کی رپورٹ طلب کر لی۔محکمہ تعلیم کے افسران نے کہا کہ سولر پینلز کی چوری کی ایف آئی آر درج کروا رکھی ہے۔محکمہ آڈٹ کے افسران کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ریکوری کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سولر پینلز کی حفاظت میں ناکام رہی۔