بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں کوچ اور دو پک اپ گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت سے آنے والی دو پک اپ گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑیوں کے ڈھانچے مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور موقع پر ہی کئی افراد جاں بحق ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ جاں بحق افراد میں سے پانچ لاشیں بیلہ اسپتال جبکہ چار لاشیں اوتھل کے اسپتال منتقل کی گئیں۔ زخمیوں کو بھی قریبی اسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری معلوم ہوتی ہے، تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔