خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں مسافر ڈاٹسن گاڑی بریک فیل ہونے کے باعث خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مقامی رہنما مولانا سمیع اللہ زرین بھی شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ سیری گیگانی کنڈو کے مقام پر پیش آیا، جہاں مسافر ڈاٹسن کے بریک فیل ہوگئے اور گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے تین موڑ نیچے جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار متعدد افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 تورغر کی ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں تین مرد، تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں تمام زخمیوں کو ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال بٹگرام منتقل کر دیا گیا۔