اوچ شریف میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ٹرک لوڈر ڈالے پر الٹ گیا، 7 افراد جاں بحق، ایک زخمی

اوچ شریف میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ٹرک لوڈر ڈالے پر الٹ گیا، 7 افراد جاں بحق، ایک زخمی

اوچ شریف: پنجاب کے علاقے اوچ شریف میں ایکسپریس وے پر خیرپور ڈاہا کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

 پتھروں سے لدا تیز رفتار ٹرک سڑک کنارے کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرا کر الٹ گیا، جس کے باعث لوڈر ڈالے پر سوار افراد ٹرک کے نیچے دب گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد لوڈر ڈالے پر سوار تھے اور خیرپور ڈاہا سے بہاولپور جا رہے تھے۔ لوڈر ڈالے پر مجموعی طور پر 16 افراد سوار تھے۔ حادثے کے وقت 8 افراد نکلنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ دیگر افراد الٹے ہوئے ٹرک کے نیچے دب گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے بھاری مشینری اور امدادی وسائل کی مدد سے ٹرک کے نیچے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن کیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران 7 افراد کی لاشیں اور ایک شدید زخمی شخص کو نکال لیا گیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ امدادی کارروائی کے دوران ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔