علی پور میں نلکا اڈہ چیک پوسٹ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
حادثہ دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے آپس میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد سڑک پر گرنے والے موٹر سائیکل سوار پیچھے سے آنے والے ٹرالر کی زد میں آگئے۔تفصیلات کے مطابق علی پور کے علاقے نلکا اڈہ چیک پوسٹ کے قریب دو موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں تینوں موٹر سائیکل سوار سڑک پر گر گئے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر انہیں کچلتا ہوا گزر گیا، جس سے دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت منیر عرف کوڑا اور 22 سالہ وسیم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت مطیع الرحمن کے نام سے کی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر زخمی اور جاں بحق افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال علی پور منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمی شخص کو طبی امداد فراہم کی گئی۔حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کے باعث علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی، جبکہ حادثے میں دو قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔