غذر، گلگت بلتستان: گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب، درجنوں افراد محصور

غذر، گلگت بلتستان: گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب، درجنوں افراد محصور

ویب ڈیسک: گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے کے نتیجے میں شدید سیلاب آیا، جس نے ایک بار پھر تباہی مچادی۔

 گاؤں راؤشن کی آبادی محصور ہو گئی اور درجنوں افراد پھنس گئے۔گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ نے بتایا کہ سیلاب سے متعدد دیہات زیرِ آب آگئے ہیں اور لوگوں کو شدید مالی نقصان ہوا ہے، تاہم جانیں محفوظ ہیں۔ غذر کے علاقے تلی داس میں گلیشیئر پھٹنے سے پانی ایک جھیل کی صورت اختیار کر گیا ہے، جس سے متصل دیہات مزید زیرِ آب آنے کا خطرہ بڑھ گیا۔ترجمان کے مطابق سیلاب سے پھنسے 50 سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے، اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اہلکار موقع پر موجود ہیں۔ضلعی حکام نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دریائے غذر کا بہاؤ مکمل طور پر رک گیا ہے اور کئی بستیاں متاثر ہو رہی ہیں، عطا آباد جھیل جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گلگت شندور روڈ مکمل بند ہے اور تالی داس نالہ میں لینڈ سلائیڈنگ دو طرف سے ہوئی، جس سے راؤشن گاؤں کی آبادی محصور ہوگئی۔

وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے بتایا کہ سیلاب نے علاقے میں شدید تباہی مچادی ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور کچھ پھنسے افراد کو ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر نے متعدد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔یڈیشنل ڈپٹی کمشنر غذر نے بتایا کہ دریائے غذر کے بند ہونے سے مزید آبادیاں سیلابی پانی کے کٹاؤ کے خطرے میں ہیں، تاہم لوگوں کو بروقت اطلاع دی گئی جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقے کے مکینوں کے مطابق جھیل تیزی سے پھیل رہی ہے اور اپ اسٹریم دیہات خصوصاً حکیس زیرِ آب آ چکے ہیں۔