ایف آئی اے کا بڑا اقدام: انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اے آئی بیسڈ ایپ متعارف

ایف آئی اے کا بڑا اقدام: انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اے آئی بیسڈ ایپ متعارف

ویب ڈیسک: امیگریشن کے عمل کو سہل اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اے آئی بیسڈ ایپ تیار کر لی ہے۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اس کا پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد ایئرپورٹ سے شروع کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ امیگریشن کو بہتر بنانے اور انسانی سمگلنگ کے انسداد کی اے آئی بیسڈ ایپ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔محسن نقوی نے ایپ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی اور مسافروں کو قطاروں سے نجات ملے گی۔ انہوں نے آئی ٹی انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لیے فوری فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے ہیڈکوارٹر بلڈنگ کی فوری اپ گریڈیشن اور سی ڈی اے کو ایف آئی اے اکیڈمی کے لیے نئی الاٹ کردہ اراضی ادارے کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے لیکن اس کے ساتھ کارکردگی بھی دکھانا ہوگی۔ڈی جی ایف آئی اے راجہ رفعت مختار نے بریفنگ میں بتایا کہ ایف آئی اے ایکٹ میں ضروری ترامیم مکمل کر لی گئی ہیں، ادارے کی ڈیجیٹائزیشن ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور ایف آئی اے کو ای آفس پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ مزید برآں، ایف آئی اے کے تمام نوٹس اب کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری کیے جائیں گے۔

اجلاس میں ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور زونل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔