محکمہ داخلہ پنجاب نے کمسن بچوں کے ساتھ بدسلوکی کی روک تھام کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" کے بارے میں آگاہی بچوں کے نصاب میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو ذاتی حفاظت کے بارے میں تعلیم دینا ضروری ہے تاکہ وہ مناسب اور نامناسب جسمانی رویوں کو پہچان سکیں اور ان کی رپورٹ کر سکیں۔ ابتدائی کلاسز کے سلیبس میں گڈ ٹچ بیڈ ٹچ کی آگاہی شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ بچے ان رویوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوں۔محکمہ داخلہ نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو بدسلوکی کے واقعات کو رپورٹ کرنے کے طریقے سکھائیں۔ اس مہم کو بچوں کو بدسلوکی اور استحصال سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔