ویب ڈیسک: معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی ایک نئے تنازعے میں پھنس گئے ہیں۔
آن لائن جوا ایپس کے پروموشن پر گرفتاری کے بعد اب ان کے مبینہ ’ڈریم ہاؤس‘ کی حقیقت بھی سامنے آ گئی ہے۔ڈکی بھائی نے اپنے وی لاگ میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ڈیفنس فیز 7 لاہور میں 10 کروڑ روپے کا شاندار بنگلہ خرید لیا ہے، اور ویڈیو وائرل ہونے پر مداحوں نے انہیں مبارکباد دی۔ تاہم، پراپرٹی ڈیلر ارمغان رانا نے انکشاف کیا کہ یہ مکان خریدا نہیں گیا بلکہ کرائے پر لیا گیا ہے۔ارمغان رانا کے مطابق، ڈکی بھائی نے یہ مکان 11 ماہ کے کرائے پر لیا، جس میں ماہانہ کرایہ 4 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈکی بھائی نے کمیشن کے وعدے پورے نہیں کیے اور ناظرین کو دھوکہ دیا، جس سے نوجوان نسل گمراہ ہو رہی ہے۔
پراپرٹی ڈیلر نے بتایا کہ ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب نے بھی مکان کا معائنہ کیا تھا اور ڈیل فائنل ہونے پر تقریباً 24 لاکھ 75 ہزار روپے ایڈوانس اور سیکیورٹی کے لیے ادا کیے گئے۔ارمغان رانا نے الزام لگایا کہ ڈکی بھائی کے قریبی افراد دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ وضاحتی ویڈیو ڈیلیٹ کریں، اور ان کی اہلیہ نے بھی ویڈیو ہٹانے کی درخواست کی۔ تاہم، پراپرٹی ڈیلر نے وضاحت دی کہ یہ معلومات محض آگاہی کے لیے شیئر کی گئی ہیں تاکہ نوجوانوں کو حقیقت معلوم ہو سکے۔
ڈکی بھائی کی جانب سے تاحال ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔