ڈکی بھائی کے خاندان سے کروڑوں روپے رشوت لینے کے الزامات کا انکشاف

ڈکی بھائی کے خاندان سے کروڑوں روپے رشوت لینے کے الزامات کا انکشاف

ویب ڈیسک: یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی مدعیت میں درج مقدمے میں سرکاری افسران پر لاکھوں روپے رشوت لینے کا الزام سامنے آیا ہے۔

 ایف آئی آر کے مطابق، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے متعدد افسران پر رشوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقدمہ کے مطابق، یوٹیوبر کے خاندان سے مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے رشوت کے طور پر وصول کیے گئے، جن میں 60 لاکھ روپے ڈکی بھائی کو ریلیف دلوانے کے عوض فرنٹ مین کے ذریعے دیے گئے، اور 30 لاکھ روپے مزید جوڈیشل ریمانڈ کے لیے طلب کیے گئے۔ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ افسران نے 50 لاکھ روپے ایک کار شو روم کے مالک کے پاس رکھوائے، 20 لاکھ اپنے پاس رکھے اور 5 لاکھ روپے ایڈیشنل ڈائریکٹر کو دیئے۔ چھ افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے کئی دنوں تک لاپتا رہے۔

 لاہور کی عدالت میں ان افسران کے وکلاء نے درخواست دی کہ ان کے موکلوں کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے اور انہیں فوری پیش کیا جائے۔ادھر، چوہدری سرفراز کو گزشتہ ماہ عہدے سے ہٹا کر اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جہاں سے انہوں نے چھ ماہ کی رخصت کی درخواست دی۔ ان کے نام سے جڑے تنازعات میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور مبینہ تحقیقی معاملات شامل ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتا افسران کی گمشدگی پر پولیس کو ہدایت دی ہے کہ انہیں ایک ہفتے کے اندر تلاش کیا جائے۔