ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث مکمل تباہ شدہ گھروں کے معاوضے کو 4 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت ویڈیو لنک اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ جزوی متاثرہ گھروں کے لیے معاوضہ ایک لاکھ سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے ہوگا۔ سیلاب میں بہہ جانے والی گاڑیوں کے مالکان کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سیلاب کے باعث نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو 15 ہزار روپے اور فوڈ پیکج کے تحت متاثرہ خاندانوں کو بھی 15 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مال مویشیوں کے نقصانات کی ادائیگیاں بھی جلد شروع کی جائیں۔
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں اب تک 300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی ضلع بونیر میں ہوئی، جہاں مقامی افراد اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔ متاثرین کو نیند نہ آنے، بھوک نہ لگنے اور بار بار تباہ کن مناظر یاد آنے کی شکایت ہے۔یہ اقدامات متاثرہ خاندانوں کی مالی اور نفسیاتی مدد کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ سیلاب کے بعد کی مشکلات کا کچھ حد تک ازالہ کیا جا سکے۔