سیلاب متاثرین کے معاوضے کا پیکج دوگنا، بیرسٹر سیف

سیلاب متاثرین کے معاوضے کا پیکج دوگنا، بیرسٹر سیف

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے لیے معاوضے کے خصوصی پیکج میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

 ان کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو ملنے والے معاوضے کی رقم 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لیے معاوضوں کی ادائیگی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لیے صوبے کے تمام اضلاع کو مجموعی طور پر 85 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے گزشتہ روز ضلع سوات میں متاثرہ خاندانوں میں چیکس تقسیم کیے، جبکہ آج سے باضابطہ طور پر دیگر متاثرہ اضلاع میں بھی معاوضوں کے چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیراعلیٰ خود متاثرہ اضلاع کے دورے کر رہے ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے سکیں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ صوبے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس لیے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔