پاکستان دہشتگردی کا شکار ہے، وہ کیسے کسی اور ملک میں دہشتگردی کرسکتا ہے، پاکستان قربانیاں دے کردنیا کو دہشتگردی سے بچا رہا ہے، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے
بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا تھا ، بین الاقوامی معاہدے کو ایک ملک یکطرفہ کیسے ختم کرسکتا ہے؟ کشمیر سمیت تمام معاملات کا پرامن حل چاہتے ہیں: تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے مودی پر جنگی جنون سوار ہے، بھارتی اقدامات خطے کا امن تباہ کر سکتے ہیں۔جنوبی ایشیا میں قیام امن کے موضوع پر منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خطے میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت ملوث تھا۔ پہلگام واقعے میں ہمارا موقف یہی تھا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا ہے، کوئی ایسا ملک بتائیں جس نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 90ہزار جانیں گنوائی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قربانیاں دے کردنیا کو دہشتگردی سے بچا رہا ہے۔ پاکستان پر پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا۔ ہمارا مقف تھا کہ پاکستان تاحال دہشتگردی کا شکار رہا ہے وہ کیسے کسی اور ملک میں دہشتگردی کرسکتا ہے۔ بھارتی اقدامات خطے کا امن تباہ کرسکتے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے کاکول میں خطاب میں پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیش کش بھی کی لیکن بھارت پر جنگی جنون سوار تھا۔ مودی اپنے ملک میں کبھی اتنا سیاسی طور پر کمزور نہیں تھا جتنا آج ہے۔ ہم نے پہلگام واقعے کے بعد صحافیوں کو وہ جگہیں دکھائیں جن کے بارے میں بھارت الزام لگاتا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امن کے خواہاں ہونے کے ساتھ ہم نے یہ یقینی بنایا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا تھا ۔ ایک بین الاقوامی معاہدے کو ایک ملک یکطرفہ طور پر کیسے ختم کرسکتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی امن کے خواہاں ہیں، کشمیر سمیت تمام معاملات کا پرامن حل چاہتے ہیں