ہم یقینی طور پر اس لین دین میں تیزی لانا چاہتے ہیں، جو ہم امریکا کیساتھ کرنا چاہتے ہیں،بھارتی سیکرٹری دفاعی پیداوار
واشنگٹن (آئی این پی ) بھارت اپنا جنگی جنون برقراررکھتے ہوئے لڑاکا گاڑیوں کی خریداری اور مشترکہ پیداوار کے ساتھ لڑاکا طیاروں کے انجن کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکا کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا اسلحہ درآمد کنندہ بھارت، روایتی طور پر روس پر انحصار کرتا ہے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی رواں ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے جارہے ہیں ۔بھارت اور امریکا جنرل ڈائنامکس کے ذریعے تیار کردہ اور امریکی فوج کے ذریعے استعمال کی جانے والی اسٹرائیکر لڑاکا گاڑیوں کی مشترکہ تیاری پر طویل عرصے سے بات چیت کر رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وہ بھارتی فضائیہ کے لیے انڈیا میں لڑاکا طیاروں کے انجنوں کی مشترکہ پیداوار پر معاہدے کی بات چیت کو حتمی شکل دینے پر بھی کام کر رہے ہیں، جس پر 2023میں اتفاق کیا گیا تھا۔بھارت کے سیکرٹری دفاعی پیداوار سنجیو کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم یقینی طور پر اس لین دین میں تیزی لانا چاہتے ہیں، جو ہم امریکا کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔