کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی فہرستیں تیار ، انہیں انعام دیا جائے گا :وزیر تعلیم
نہم سالانہ نتائج میں وزیرِ تعلیم کے گائوں میں صرف ایک طالب علم کامیاب ہوا
لاہور(آئی این پی )پنجاب بھر میں نہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا تاہم صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے آبائی گائوں گلزار جاگیر میں بھی صورتحال انتہائی مایوس کن رہی جہاں 18 طلبہ نے امتحان دیا مگر صرف ایک ہی پاس ہو سکا۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، جو ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں، نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر نتائج کا تجزیہ شیئر کرتے ہوئے ایک سخت بیان جاری کیا۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گریڈ 9 اور 10 کے نتائج کا مکمل تجزیہ کر رہا ہے۔ ہمارے پاس سال بہ سال خوفناک نتائج کے ساتھ شارٹ لسٹ کیے گئے سکول ہیں، جن کی لاگت تقریبا صفر آئوٹ پٹ کے ساتھ پنجاب کے اربوں روپے ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انہیں سزا کے طور پر سروس سے ہٹا دیا جائے۔ یہ ہے تحصیل پتوکی کے گریڈ 9 کے کم کارکردگی والے سکولوں کیلئے میری ٹیم کی ابتدائی ورکنگ، کل اعلان کردہ نتائج میں۔ میں اپنے ہی آبائی شہر اور تحصیل پتوکی سے سکولوں کا احتساب شروع کروں گا۔رانا سکندر حیات نے نوٹ میں مزید کہا کہ کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور سکولوں کی فہرستیں بھی تیار کی جا رہی ہیں اور انہیں انعام دیا جائے گا۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر تعلیم کا اپنا آبائی گائوں گلزار جاگیر، جو تحصیل پتوکی میں واقع ہے، خراب نتائج کی وجہ سے خبروں میں ہے۔ گائوں میں امتحان دینے والے 18 طلبہ میں سے صرف ایک کامیاب ہوا۔