موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ایک مکمل ماہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ریمیڈیل لرننگ کیمپس کے انعقاد کی اجازت دی تھی: بیان
لاہور( خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ 24 اگست سے قبل صوبے میں کسی بھی سرکاری یا نجی اسکول کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ موسمِ گرما کی تعطیلات کے شیڈول پر ہر صورت عمل در آمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ایکس پر اپنے بیان میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ایک ماہ تک ریمیڈیل لرننگ کیمپس کے انعقاد کی اجازت دی تھی۔ ان کیمپس کا مقصد طلبہ کو اضافی تدریسی معاونت فراہم کرنا اور ان کی تعلیمی کمی کو پورا کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن پر مکمل عملدر آمد کیا جائے گا اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 24 اگست کے بعد ہی معمول کے مطابق کھولے جائیں گے۔