ویڈیو میں جلد نوکری کے آرڈر نکالنے اور سرکاری گاڑی پر بارات لیجانے کے احکامات بھی دئیے
معذور شخص کی خواہش پر سرکاری گاڑی کے آرڈر ز د یئے ،میں نے اپنے پاس جاب پر رکھا : وزیر تعلیم کا موقف
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے اختیارات سے تجاوز کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں صوبائی وزیر تعلیم اپنے حلقے کے سپورٹرز میں بیٹھ کر نوکریاں بانٹنے اور سرکاری گاڑی کا غیر قانونی استعمال کرنے کی بات کررہے ہیں۔رانا سکندر حیات ویڈیو میں جلد نوکری کے آرڈر نکالنے اور سرکاری گاڑی پر دلہے کی بارات لیجانے کے احکامات بھی دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خانکے موڑ ضلع قصور کے رہائشی محمد شفیع کالیا گجر کے نواسے بلال ولد محمد اقبال کی شادی پر اپنی سرکاری گاڑی دینے اور دلہا کے لیے سجانے کی آفر دے رہے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال ولد اقبال غریب نہیں بلکہ ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھتا ہے جو سیاسی حلقہ میں وزیر تعلیم کے ووٹرز اور سپورٹرز ہیں۔ رانا سکندر نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ وہ ویڈیو میں ایک معذور شخص کی خواہش پر سرکاری گاڑی دینے کے آرڈر ز دے رہے ہیں۔نوکری کے آرڈرز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے پاس ہی اسے جاب پر رکھا ہے۔