صاف پانی کے شعبوں میں جاپان کی جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں مریم نواز

پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلی مریم نواز شریف کی ٹوکیومیں پہلی خاتون نائب گورنر ماتسوموتو آکیکوسے ملاقات،باہمی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا
100  سال پرانی بین الاقوامی جاپانی کمپنی کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت‘حکومت تمام سہولتیں دے  گی:مریم نواز

لاہور(سپیشل رپورٹر)پہلی خاتون وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنرمحترمہ ماتسوموتو آکیکو سے ملاقات کی ۔ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر ماتسو موتو آکیکونے پہلی خاتون وزیراعلی بننے پر مریم نوازشریف کو پرتپاک مبارک دی ۔پاکستان اور جاپان کی خواتین لیڈرشپ کے درمیان روابط کے فروغ پر اتفاق ہوا ۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے محترمہ ماتسو موتو آکیکوکوٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر بننے پر مبارک دی۔ دونوں قائدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کا قائدانہ کردار پاکستان اور جاپان کی قدر مشترک ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے ماتسو موتو آکیکوسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان حکومت میں 35 سال سے خدمات عامہ میں آپ کا کردار قابل فخر اور لائق تحسین ہے۔دونوں رہنماؤں کا پاکستان اور جاپان میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں پنجاب اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون، مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ انفراسٹرکچر، شہری ترقی، قابل تجدید انرجی اورصاف پانی کے شعبوں میں جاپان کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ چاہتے ہیں۔دریں اثناو وزیراعلیٰ  مریم نواز  نے دورہ جاپان کے دوران سوسال سے کام کرنے والی بین الاقوامی جاپانی کمپنی کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ موریناگا انٹرنیشنل کمپنی کو نوزائیدہ بچوں کی خوراک سمیت دیگر بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار میں منصوبوں کی پیشکش بھی کی ہے ۔اس موقع پر حیوانات کے شعبے میں جدید جاپانی مشینری اور طریقوں کے استعمال، معیاری گوشت کے حصول کے لئے صحت مند جانوروں کی افزائش نسل کے لئے پنجاب حکومت سے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈیری مصنوعات میں عالمی شہرت یافتہ جاپانی کمپنی موریناگا ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا اور مِلک انڈسٹری کمپنی کے مختلف شعبے دیکھے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ موریناگا کے ڈیری میں تجربات کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لئے ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔موریناگا کمپنی کو ڈیری مصنوعات کے حوالے پنجاب حکومت تمام سہولیات مہیا کرے گی۔پنجاب میں ڈیری ڈویلپمنٹ اورایڈوانس پروٹین نیٹ ورک قائم کرنے کے لئے جاپانی کمپنیوں کا خیر مقدم کریں گے۔