قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کیلئے جاپان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے مریم نواز

پنجاب پولیس کو جاپان پولیس کی طرز پر انفراریڈ اور الٹرا سانک ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ‘پہلے مرحلے میں لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائیگا
 جاپان کی ترقی کے ماڈل کو پنجاب میں لاگو کرنا چاہتی ہوں، جاپان اور پاکستان مشکل وقت کے  دوست ہیں، مشکل وقت میں ساتھ دینے پر جاپان کا شکریہ ادا کرتے ہیں:وزیراعلی

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کو جاپان پولیس کی طرز پر انفراریڈ اور الٹرا سانک ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا۔ٹریفک مینجمنٹ، حادثات پر قابو پانے، موسمیاتی صورت حال سے عوام کو پیشگی آگاہ کرنے کے نظام سے پنجاب پولیس کو لیس کیا جائے گا ۔پہلے مرحلے میں لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا ۔وزیراعلی مریم نواز شریف دورہ جاپان سے واپسی پر منصوبے پر باضابطہ عمل درآمد کا آغاز کریں گی ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ٹوکیو میں نیشنل پولیس ایجنسی ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نیشنل پولیس ایجنسی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جاپان پولیس سسٹم کے نگران ادارے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ‘دریں اثناء  مریم نواز شریف نے جاپان کے خارجہ امور کے سینئرسٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے جاپان کی قیادت اور عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ سینئر سٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا ۔ مایا جی ٹاکوما کا نے مریم نوازشریف کو پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بننے پر مبارک پیش کی ۔مایا جی ٹاکوما کا وزیراعلیٰ مریم نواز کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کاسرکاری دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پرآپ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور جاپان کا تجارت، سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سینئر سٹیٹ مایاجی ٹاکوما نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 30سال میں پہلی بار آپ کے مرتبہ کی پاکستانی شخصیت کا دورہ جاپان خوش آئند ہے۔ پنجاب میں 120 سے زائد منصوبوں کا آغاز قابل تحسین ہے۔ پاکستان کو دوست ملک کی حیثیت سے ہمیشہ اہمیت دیتے ہیں۔ مایا جی ٹاکو مانے پاکستان میں سیلاب بالخصوص خیبرپختونخوا میں ہونے والے جانی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سینئر سٹیٹ منسٹر برائے خارجہ امور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے، سیلاب اور قدرتی آفات کے سدباب کے لئے جاپان کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ جاپان معاشی، ٹیکنالوجییکل اور معاشرتی ترقی کا گہوارہ بن چکا ہے۔ مادی ترقی کے ساتھ انسانی قدروں کا احترام قابل تقلید ہے۔ جاپان کی ترقی کے ماڈل کو پنجاب میں لاگو کرنا چاہتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جاپان اور پاکستان مشکل وقت کے آزمودہ کار دوست ہیں۔ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر جاپان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جاپان، دنیا میں ترقی اور ٹیکنالوجی کی مثال ہے۔ جاپان کی معاشرتی روایات اور اخلاقی قدریں متاثر کن ہیں۔