لاہور میں منکی پاکس (ایم پاکس) کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں ایک اور 18 سالہ نوجوان ریحان میں وائرس کی تصدیق کے بعد مجموعی کنفرم کیسز کی تعداد 33 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق میو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں اس وقت 7 مریض زیرِ علاج ہیں۔ ان میں سے 4 مریضوں میں منکی پاکس کی باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 3 افراد مشتبہ کیسز کے طور پر زیرِ نگرانی ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق منکی پاکس ایک وائرل بیماری ہے جو زیادہ تر قریبی جسمانی رابطے کے ذریعے ایک شخص سے دوسرے میں منتقل ہوتی ہے۔ اس لیے شہریوں کو احتیاط برتنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری جسمانی رابطے سے گریز کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں، اور اگر بخار، جلد پر دانے یا دیگر مشتبہ علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی ہسپتال یا طبی مرکز سے رجوع کریں۔حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔