خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے دو مزید کیسز رپورٹ

خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے دو مزید کیسز رپورٹ

خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے مزید دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

 محکمہ صحت کے مطابق، متاثرہ افراد میں ایک 42 سالہ شخص اور ایک 20 سالہ نوجوان شامل ہیں، دونوں کا تعلق پشاور سے ہے۔ 20 سالہ نوجوان کا کیس مقامی نوعیت کا ہے، جبکہ 42 سالہ شخص گزشتہ سال سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔محکمہ صحت کے مطابق، دونوں مریضوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر گھروں میں آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔ مشیر برائے صحت احتشام علی کے مطابق، متاثرہ افراد خیبر ٹیچنگ اسپتال علاج کے لیے گئے تھے، جہاں شک کی بنیاد پر ان کے ٹیسٹ کیے گئے اور ان میں ایم پاکس کی تصدیق ہوگئی۔مشیر صحت نے مزید بتایا کہ دونوں مریضوں کے گھروں میں کسی بھی فرد میں ایم پاکس کی علامات نہیں پائی گئیں۔ذرائع کے مطابق، اس سے قبل بھی ایک ایم پاکس سے متاثرہ خاتون کا کیس مقامی نوعیت کا قرار دیا گیا تھا۔ تاہم، ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون کا شوہر باہر سے آیا تھا، جس سے خاتون کو یہ بیماری لاحق ہوئی تھی۔

 محکمہ صحت نے بتایا کہ خاتون ابھی تک آئسولیشن میں ہیں، لیکن ان کا کیس مقامی نہیں ہے۔ خاتون کے چھ بچوں اور والدین کی بھی اسکریننگ کی گئی تھی، اور ان میں ایم پاکس کی علامات نہیں پائی گئیں۔علاوہ ازیں، دو کزنز کے بھی نمونے لیے گئے تھے، لیکن ان میں بھی ایم پاکس کی تصدیق نہیں ہوئی، جس سے یہ کیس لوکل ٹرانسمیشن نہیں قرار دیا جا سکتا۔محکمہ صحت کے مطابق، رواں سال کے آغاز میں کوہاٹ، خیبر اور شمالی وزیرستان سے بھی ایم پاکس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔