اداکارہ رمشا خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ شادی اور کیریئر سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتی نظر آتی ہیں۔
رمشا خان نے حال ہی میں اداکار خوشحال خان سے شادی کی ہے، جس کی تصاویر دونوں نے انسٹاگرام پر شیئر کر کے مداحوں کو اطلاع دی۔ شادی کے بعد ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی تمام پرانی پوسٹس ہٹا دی گئی ہیں، جس کے بعد ان کے شوبز سے وقتی طور پر دور ہونے کی قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔وائرل ہونے والے انٹرویو میں رمشا خان نے کہا تھا کہ بہت سی لڑکیاں ایسی ہوتی ہیں جو ملازمت نہیں کرنا چاہتیں بلکہ اپنا گھر سنبھالنا چاہتی ہیں، اور ان کے مطابق ہاؤس وائف ہونا بھی ایک فل ٹائم ذمہ داری ہے۔انہوں نے اداکاراؤں عائزہ خان اور حرا مانی کی مثال دیتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ اداکارائیں گھر اور بچوں کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہی ہوتی ہیں، جس پر وہ اکثر سوچتی ہیں کہ شادی کے بعد شاید وہ اس سب کو نبھا نہ سکیں اور گھر پر ہی رہنے کو ترجیح دیں۔
رمشا خان نے مزید کہا تھا کہ وہ ایک وقت میں ایک ہی کام بہتر طریقے سے کر سکتی ہیں۔ ان کے مطابق شوٹنگ کے دوران اگر گھر کے مسائل سامنے آ جائیں تو وہ جذباتی ہو جاتی ہیں اور ان کے لیے دونوں ذمہ داریاں ایک ساتھ سنبھالنا مشکل ہو سکتا ہے۔دوسری جانب شوبز حلقوں سے منسلک ایک میزبان کے مطابق رمشا خان کی مینیجر ثمرہ خان نے بھی تصدیق کی تھی کہ اداکارہ نے پچھلے سال دسمبر سے ہی کیریئر سے وقفہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور اب وہ بریک پر ہیں۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں، تاہم رمشا خان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی نیا بیان سامنے نہیں آیا۔