پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار خوشحال خان اور اداکارہ رمشا خان حالیہ دنوں اپنی مبینہ شادی کی خبروں کے باعث خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
دونوں فنکار اپنے کامیاب پراجیکٹس اور معیاری اسکرپٹس کے انتخاب کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے یکے بعد دیگرے دو ڈراموں دنیاپور اور بریانی میں ایک ساتھ کام کیا، جس کے بعد ان کی آن اسکرین کیمسٹری کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا اور یہی سے ان کے درمیان آف اسکرین تعلقات کی قیاس آرائیاں بھی شروع ہو گئیں۔اگرچہ دونوں اداکاروں نے کبھی بھی کسی ذاتی تعلق کی تصدیق نہیں کی، تاہم سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں افواہیں گردش کرتی رہیں۔ معاملہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب چند سوشل میڈیا پیجز نے بغیر نام لیے ایک سیلیبرٹی شادی کی خبر شیئر کی، جسے مداحوں نے خوشحال خان اور رمشا خان سے جوڑ دیا اور یہ خبر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔
تاہم اب خوشحال خان نے خود سامنے آ کر ان افواہوں کی تردید کر دی ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "ہو گئی کلاؤٹ چیزنگ، اب کام پر واپس آئیں"۔ اس بیان کے ذریعے انہوں نے واضح کر دیا کہ وائرل ہونے والی شادی کی خبر سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔اداکار نے اس موقع پر اپنے آنے والے ڈرامے ونٹر لو کی تشہیر بھی کی، جس میں وہ اداکارہ ماورا حسین کے ساتھ نظر آئیں گے۔